علما کی ضرورت اور اہمیت
از: اسلم مصباحی،ریسرچ اسکالر جواہرلال نہرو یونیورسٹی۔ نئی دہلی
علما کو اپنی زبان وکردار پر قابو رکھنے کے حوالے سے پچھلی ایک پوسٹ میں صدر الافاضل کا تذکرہ کیا تھا۔در اصل 'ساردا ایکٹ' کی مخالفت کرنے پر خواجہ حسن نظامی نے کہا کہ ''خود غرض ملا لالچ سے اس قانون کی مخالفت کرتے ہیں''۔ صدر الافاضل نے جواب لکھا: ''علما کو خواجہ صاحب نے اپنے اوپر قیاس کرلیا ہے،اور معلوم نہیں کہ علما کے طرز عمل سے آپ اس قدر ناواقف کیوں ہیں؟ آپ کو خبر نہیں کہ مسائل بتانے اور فتوے لکھنے پر علماےدین کوئی معاوضہ نہیں لیتے، غریب سے غریب، نادار سے نادارعالم بھی یہ حمیت اپنے دل میں رکھتا ہےکہ عمر بھر مسائل بتاتا ہے،فتوے لکھتا ہے اور کبھی کوئی معاوضہ طلب کرنے کا وہم بھی اس کے دل میں نہیں آتا۔''(صدرالافاضل کی سیاسی بصیرت: 22)۔ اشرف علی تھانوی صاحب نے میرٹھ کے ایک جلسے میں کہاتھا''تم علما کو اپنا محتاج سمجھتے ہو تو ان کو چندہ دینا بند کردو،الحمد للہ ہم کو کچھ پرواہ نہیں ،ہم میں سے کچھ چاول کی دکان کرلیں گے کچھ آٹادال کی ،کچھ اور چیزوں کی، مگر اس حالت میں تم اپنی اور اپنی اولادوں کی فکر کرو،پچاس سال کے بعد تمہاری اولادوں کا کیا حشر ہوگا،کچھ یہودی ہوگی کچھ نصرانی ،کچھ آریہ معاذ اللہ۔(العلم والعلما،ص:86)۔ مولانا تھانوی کا کہنا ہے کہ علما دنیا بھی سکھاتے ہیں،اگر دین میں ترقی ہوتی ہے تو دنیا میں بھی ترقی ہوتی ہے،علما جب اخلاق معاشرت اور معاملات سکھلاتے ہیں تو گویا دنیا کی ترقی کی تدبیر ہی بتاتے ہیں۔(دعوات عبدیت 12/26)۔قرآن کہتا ہے : ''بیشک اللہ سے ڈرنے والے علما ہی ہیں''(الفاطر:28)ڈرنے سے مراد صرف عبادت نہیں ہے،بلکہ ہر اس امرکو بجا لانا ہے جس کا حکم اللہ اور اس کے رسول نے دیا ہے، یعنی دنیاوی معاملات کو اعتدال سے پورا کرنا بھی خشیت میں شامل ہے، اگر دنیاوی معاملات مثلاً اخلاق،معاشرت اور آداب معاشرت بگڑ جائیں تو دنیا بھی چند روز میں میدان کارزار بن جائے گی، جھوٹ، چوری، زنا، قتل، فریب، ریاکاری،لوٹ مار جو اخلاق و معاشرت کا حصہ ہیں اگر کوئی بندہ ان سے پرہیز نہیں کرتا تو گویا کہ وہ دنیا میں فساد پیدا کرتا ہے، یعنی کہ اللہ سے نہ ڈرنا فساد فی الادض ہے۔یہ علما ہی ہیں جو زمین کو فساد سے محفوظ رکھتے ہیں۔ہو سکتا ہے کسی مذہب بیزار شخص میں بھی یہ عادات پائی جائیں لیکن جب تک دنیا کے فائدے اس سے ملتے رہیں گے وہ شخص ان پر عمل کرے گا۔جیسے ہی منافع ختم ہوئے وہ بھی ان مفاسد میں ملوث ہوجائے گا۔ علما کے لیے ضروری ہے کہ لومۃ لائم کی پرواہ نہ کریں،ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ دنیاوی لالچ کے سبب دین کو فراموش نہ کریں جیساکہ امام غزالی نے علما کی پہچان بتائی ہے کہ 'کم از کم وہ اپنے علم سے دنیا نہ کماتے ہوں' یعنی سودا نہ کرتے ہوں(احیاء العلوم)۔ حکیم احمد شجاع علامہ اقبال کے دوست تھے انھوں نے 'فریدیہ اسکول ' قائم کیا جسے وہ علی گڑھ کے انداز پر چلانا چاہتے تھے،انھوں نے اس مسئلے پر علامہ سے مشورہ کیا۔علامہ کا فکر انگیز جواب سنیے:''جب میں تمہاری طرح جوان تھا تو میرے قلب کی کیفیت بھی ایسی ہی تھی، میں بھی وہی کچھ چاہتا تھا جوتم چاہتے ہو -انقلاب! ایک ایسا انقلاب جو ہندستان کے مسلمانوں کو مغرب کی مہذب اور متمدن قوموں کے دوش بدوش کھڑا کردے۔یورپ کو دیکھنے کے بعد میری رائے ہی بدل گئی۔ان مکتبوں کو اسی حالت میں رہنے دو،غریب مسلمانوں کے بچوں کو انہیں مکتبوں میں پڑھنے دو۔اگر یہ ملا اور یہ درویش نہ رہے تو جانتے ہو کیا ہوگا۔ جو کچھ ہوگا میں اسے اپنی آنکھ سے دیکھ آیا ہوں۔اگر ہندستان کے مسلمان ان مکتبوں کے اثر سے محروم ہو گئے تو بالکل اسی طرح جس طرح ہسپانیہ میں مسلمانوں کی آٹھ سوبرس کی حکومت کے باوجود آج غرناطہ اور قرطبہ کے کھنڈر ،الحمراء اور باب الاخوتین کےسوا اسلام کے پیروؤں اور اسلامی تہذیب کا کوئی نقش نہیں ملتا۔ہندستان میں بھی آگرے کے تاج محل اور دلی کے لال قلعے کے سوا مسلمانوں کی آٹھ سو برس کی حکومت اور ان کی تہذیب کا کوئی نشان نہیں ملے گا''۔(اوراق گمشدہ،ص: 274)۔حضرت شداد بن اوس نے فرمایا ''تم جانتے ہو علم کے اٹھ جانے کا مطلب کیا ہے؟علم کا اٹھ جانا ،اہل علم کا مرکھپ جانا ہے۔ تمہیں معلوم ہے کون سا علم سب سے پہلے اٹھے گا؟وہ علم خشوع ہے ،حتی کہ کسی آدمی میں خشوع نہ پاؤگے'' (علامہ ابن عبد البر الاندلسی :جامع بیان العلم وفضلہ،ص 116)۔ حضرت حسن بصری کہا کرتے تھے کہ عالم کی موت سے اسلام میں ایسا شگاف پڑ جاتا ہے کہ گردش لیل و نہار بھی اسے پر نہیں کر سکتے۔(ایضا)۔ سعید بن جبیر سے پوچھا گیا قیامت کے آنے اور مخلوق کے برباد ہوجانے کا نشان کیا ہے؟جواب دیا علما کا اٹھا جانا''(ایضا)۔ ہو سکتا ہے کسی بھائی کو چند علما سے شکایت ہو جیساکہ میرے چند دوستوں اور خود مجھے بھی کئی معاملات میں شکایت ہوتی ہے ،تو اس کو دور کرنے کی کوشش کی جائے۔ لیکن شکایت کی آڑ میں کبھی بھی شعوری یا غیر شعوری طور پر ان کی تحقیر مت کرنا۔ میرا خود کا مشاہدہ ہے کہ گھر میں دو-دو عالم ہونے کے باجود بھی چھوٹے بہن بھائی کسی مکتب کے عالم سے ہی علم سیکھتے ورنہ گھریلو علما تو ان کی نماز تک درست نہیں کرا پاتے۔ علامہ اقبال کی دوسری کئی تحریروں میں یہ پیغام ملتا ہے کہ بھارت کا ہندو طبقہ انگریزوں سے کلی آزادی نہیں چاہتا تھا بلکہ وہ تو صر ف مسلمانوں کو سیاسی و مذہبی طور سے کمزور کرکے ان پر حکومت کرنے کا خواہاں رہا ، یہی وجہ ہے کہ جہد آزادی کے وقت متشدد ہندوؤں نے دنگے کرائے تاکہ عام ہندوؤں کی بزدلی کو ختم کرکے انھیں مسلمانوں کے خلاف اکسایا جا سکے۔ یہ سچ ہے کہ ہندوؤں کے تعاون سے انگلینڈ مزید طاقت ور ہوا ہے، کمزور صرف مسلمان ہوا ہے،سیاسی، علمی ، فکری اور مذہبی اعتبار سے۔ آج بھی مسلمانوں کی شناخت کو مٹانے کی تگ و دو جاری ہے۔ پروفیسر مظہر مہدی نے کہا تھا کہ' حکومت کی مدارس اسلامیہ میں مداخلت ایک بربادی کا پیش خیمہ ہے'۔(سیاست کی تفہیم نو) لہذا ہمیں اپنی شناخت کو برقرار رکھنے والوں کی حفاطت پر توجہ دینا چاہیے۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں