انقلاب کے آرزومند مسلم نوجوانوں سے چند باتیں (2)


از: اسلم مصباحی، ریسرچ اسکالر جواہر لال نہرو یونیورسٹی۔ نئی دہلی

پچھلی گفتگو میں نوجوانوں سے یہ گزارش کی گئی تھی کہ خود کو فکری طور پر مضبوط بنائیں۔ارشاد باری ہے :تم ہی بہترین امت ہو '(آل عمران: 110)گرچہ آیت مہاجرین کے حق میں نازل ہوئی لیکن حضرت قتادہ کی روایت ہے کہ حضرت عمر نے حج کے دوران لوگوں میں بری رسمیں دیکھیں تو مذکورہ آیت پڑھی اور فرمایا جس کی خواہش ہو کہ اس امت میں سے ہو جائے تو وہ اللہ کی شرطوں کو پورا کرے۔ (تفسیرطبری) سبق ملا کہ بہترین بننے کے لیے بری رسمیں ترک کرنا اور اچھی رسمیں اپنانا ہوں گی۔ اچھی چیزوں کو اپنانے کا محاورہ تو خود عربوں کا ہے کہ 'خذ ما صفا ودع ما کدر' لیکن سقوط غرناطہ اور سقوط بغداد کے بعد عربوں کی دل چسپی تیل اور کھیل میں ہی سمٹتی نظر آتی ہے۔مکہ کی وادی سے جنم لینے والی انسانی تہذیب و سماجی انقلاب نے جب بغداد اور یورپ پر اپنے قدم گاڑے تو ایک نئے جہان کی شروعات ہوئی ،علم و فن کا جہان۔ جدید علوم کی پیش رفت نے عربوں کو دنیا کی سرپرستی کرنے کا موقع دیا۔ عباسی دور میں مامون نے جدید علوم کی سرپرستی کی، وہ خود بھی بڑا فلسفی تھا اور جدید علوم میں ایسی دلچسپی تھی کہ روم، یونان، اٹلی،سسلی،اسکندریہ،مصراورفارس کی تمام علمی کتب زر کثیر خرچ کرکے منگوائیں اور 'بیت الحکمۃ' میں ان کا ترجمہ کروایا (المامون،ص:125)بیت الحکمۃ میں یہودی نصرانی پارسی ہندو اور مسلم سبھی طرح کے عہدیدار تھے، یعقوب بن اسحق کندی سب سے مشہور مترجم تھا ، اس کو مامون نے ارسطو کی تصنیفات کے ترجمے پر مامور کیا ۔ یعقوب کندی جغرافیہ، حکمت،طب، تاریخ،ہیئت ونجوم، شعر، منطق اور طبعیات یعنی فزکس کا ایسا ماہر تھا کہ اس کو 'عربوں کا ارسطو' کہا جاتا تھا۔دیگر مترجمین میں حجاج بن یوسف کوفی، فسطابن لوقا بعلبکی،حنین بن اسحق،ابو جعفر یحی بن عدی، محمد بن موسی خوارزمی، حسن بن شاکر، علی ابن العباس ابن احمد الجوہری، یوحنا بن ماسویہ، ابن البطریق، یحی بن ابی المنصور بیت الحکمۃ کے مشہور مترجمین اور مہتمم تھے۔ مامون نے ایک رات خواب میں ارسطو کو دیکھا تو پوچھا: اچھی چیز کیا ہے؟ فرمایا : جس کو عقل اچھا کہے۔ مامون نے کہا کوئی نصیحت کیجیے۔فرمایا: توحید اور نیک صحبت ترک نہ کرنا۔ (المامون،ص:122)بیدار ہونے کے بعد مامون نے قیصر روم کو خط لکھ کر تمام فلسفے کی کتب بھیجنے کا حکم دیا، خلیفہ کا حکم ٹالنے کی کسی میں ہمت نہ تھی۔ کسی کو بھی کتب کی خبر نہ تھی کیونکہ روم و یونان میں فلسفہ گمنام ہوچکا تھا۔ایک راہب نے اس مکان کا پتہ بتایا جس میں قسطنطین نے تمام کتب جمع کرواکر مقفل کروادیا تھا۔ پانچ اونٹ لاد کر قیصر روم نے کتب روانہ کیں۔اس کے علاوہ بیت الحکمۃ کے افسروں کو سِپرس،شام،آرمینیہ،مصر اور دیگر مقامات پر بھیجا گیا تا کہ اپنی پسند سے کتابیں لیکر آئیں، بادشاہ بھی مامون کو ایسے ہی علمی تحفے بھیجتے تھے چنانچہ بھارت کےایک راجا نے دوبان حکیم کو مامون کی خدمت میں بطور تحفہ بھیجا جو یہ جانتا تھا کہ کسری کے ایوان میں نوشیروان کے وزیر کی ایک بیش قیمت تصنیف پوشیدہ ہے ،مامون نے اس کو منگواکر پڑھوایا ، بے ساختہ بولا: خدا کی قسم کلام اس کو کہتے ہیں،وہ نہیں جو ہم لوگ کیا کرتے ہیں۔(المامون) عباسیوں نے بغداد میں علوم عقلیہ و نقلیہ کے لیے بڑے ادارے ،اسپتال،کالج قائم کیے۔سقوط بغداد کے بعد بھی تیس سے زائد کالج موجود تھے جو تاتاریوں کے ہاتھ سے بچ گئے تھے۔امام ابو حنیفہ،امام مالک،امام حنبل، خلیل بن احمد، امام کسائی جیسے علما عباسی دور کی یادگار ہیں۔کیا آج ہمارے اندر کی ایسی پیاس موجود ہے؟ ہم حصول علم کے نام پر صرف خانہ پری کررہے ہیں۔ کیا ہماری عقلوں نے بھی جہالت کو ترجیح دے دی ہے؟
عباسی دور کی ایک آزاد مسلم ریاست اسپین تھی۔ اسپین پر بنو امیہ نے حکومت کی ،یورپ کی موجودہ چمک دمک اسلامی علوم و فنون کی مرہون منت ہے۔ سقوط غرناطہ کےبعد مسلمانوں کے تاریخی کارناموں کو اپنی زبان میں ترجمہ کرنے کے بعد یورپ نے ترقی کے منازل طے کیے۔عبدالرحمن سوم کے وقت قرطبہ میں 70 لائبریریاں تھیں ،عبدالرحمن سوم کا جانشین الحکم تھا یہ ایک بہت بڑا عالم تھا اس نے قرطبہ میں 23 اسکول قائم کیے، قرطبہ کی یونیورسٹی میں دنیا بھر سے لوگ طلب علم کے لیے آتے تھے۔ الحکم نے مشرقی ممالک سے پروفیسروں کو بلاکر تدریس پر مقرر کیا۔ ،ایک بڑی لائبریری تعمیر کی جس میں 4 لاکھ کتابیں تھیں یہ کتابیں اسکندریہ اور بغداد سے منگوائی گئی تھیں، اس سے اسپین کے ثقافتی میدان میں اتنی ترقی ہوئی کہ ہر شخص پڑھنے لکھنے کے قابل ہو گیا۔ ہر مسلمان پر تعلیم لازم تھی۔دیگرلوگوں کو تعلیم کی پوری اجازت تھی،علوم اسلامیہ کے علاوہ ہندسہ، ہیئت ، طب و جراحت ، موسیقی ، منطق ، فلسفہ ، شعروادب ، تاریخ ، جغرافیہ کی تعلیم ہوتی تھی۔ خطاطی، چمڑے کا کام، فن تعمیر ،کوزہ گری ،فلاحت و زراعت کی بھی تعلیم دی جاتی تھی۔مشہور مفسرعلامہ قرطبی،ابن العربی،ابن رشد،ابو القاسم زہراوی جیسے مشاہیر اندلس کے پروردہ ہیں، ابو القاسم زہراوی کی شہرت طب و جراحت کے سبب ہے، اس نے آلات جراحت تیار کرائے ،اس کی کتابیں کئی صدی تک علم کیمیا کا ماخذ بنی رہی ہیں۔
یہ تمام مثالیں اس بات کے لیے کافی ہیں کہ امت مسلمہ نے حصول علم میں کبھی کوتاہی نہ کی، وقت اور ضرورت کے مطابق ہر شعبے میں آگے رہے۔ بغداد اور اسپین کا عروج مسلم ورثہ ہے۔ افسوس کہ دورجدید کا مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ سے غافل ہے بلکہ اس کی بازیابی کے لیے قدم اٹھانے سے بھی ڈرتا ہے۔ نہ علم کا شوق نہ کاروبار کی تمنا۔نہ سماجی خدمات کا جذبہ۔ مسلمان بریانی اور قوالی میں الجھ کر رہ گیا، مایوسی رگ رگ میں بھردی گئی ہے۔ قرآن سے غیروں نے خزانے نکالے لیکن مسلم اسے صرف ایصال ثواب کی پُڑیا ہی سمجھتا ہے۔ بھائیو! علم مومن کا زیور ہے، موجودہ سائنس بھی علم کی ترقی یافتہ شکل ہے۔ علم کی طرف سبقت کرو۔ یہ کیا بکتے ہو کہ سائنس کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، اور دوسرے دن ہی چاند دیکھنے کے لیے دوربین مانگتے ہو۔ سائنس کا مزاق اڑانا چھوڑو۔ ٹکنالوجی ہی موجودہ طاقت ہے اگر اس سے منھ موڑلیا تو کمتر طاقتیں بھی تم کو غلام بنالیں گی۔ کیا 1967 کی عرب اسرائیل کی جنگ یاد نہیں؟ اسرائیل صرف تکنیکی طاقت کے سبب جیتا، بابر نے جدید تکنیک یعنی توپ کی مدد سے رانا سانگا کو ہرایا ،ورنہ رانا سانگا بابر سے کم نہ تھا۔ سلطان محمد فاتح نے رومیوں کو جدید تکنیک یعنی بارودکی مدد سے شکست دی، ورنہ رومیوں کو ہرانا مزاق نہ تھا۔علاج ،تعلیم،وکالت کے لیے دوسروں کا منھ تکتے ہو، کیا یہ مضحکہ نہیں ہے کہ تمہاری مسجدوں کے مقدمے بھی دوسرے لڑ رہے ہیں؟ یاد رکھو'وہ قوم نہایت بد نصیب ہے جو اپنے بزرگوں کے وہ کام جو یاد رکھنے کے قابل ہیں بھلا دے۔یا ان کو نہ جانے'(سر سید ) تعلیم اس انجن کی طرح ہے جو اپنی حرکت سے پوری مشین کو چلاتا ہے(مولانا تھانوی)اگر تمہیں علم کی طاقت کا اندازہ نہیں تو اس بات پر غور کروکہ فسطائی طاقتیں کیوں علی گڑھ ،جامعہ اور جوہر یونیورسٹی کے پیچھے پڑی ہیں؟ جواب مل جائے تو اپنا طرز عمل درست کرلینا۔إِنَّ اللَّهَ لاَ يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُواْ مَا بِأَنْفُسِهِمْ(الرعد:11) جب تک قوم خود کو نہ بدل لے ، اللہ بھی اس کے حالات نہیں بدلتا۔
مسجد قرطبہ کا صحن


تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

جامع آیا صوفیا

علما کی ضرورت اور اہمیت

انقلاب کے آرزومند مسلم نوجوانوں سے چند باتیں(1)