ترقی کے آرزومندمسلم نوجوانوں سے چند باتیں
از: اسلم مصباحی ،اسکالر جواہرلال نہرو یونیورسٹی۔
نئی دہلی
اولاً تو میں سبھی نوجوانوں کو مبارکباد پیش
کرتا ہوں جو موجودہ حالات سے نکل کر نئی دنیا کی تلاش میں ہیں۔ یہی وہ تڑپ ہے جس کو دیکھنے کے لیے اقبال
نے اپنی زندگی وقف کی۔ سرسید نے اسی تڑپ کی وجہ سے ایک ادارہ قائم کیا تاکہ امت
مسلمہ اپنی عظمت رفتہ کو واپس لے سکے۔اولین بات یہ ہے کہ انقلاب کوئی ایک شخص نہیں
لا سکتا اتحاد اس کے لیے لازمی ہے، مثلا دس بھائیوں ہوں اور نیا گھر بنانا ہوتو
کسی ایک کے کاندھے پر بوجھ نہیں لادا جا سکتا۔ کسی بھی تحریک کو شروع کرنے سے پہلے
یہ جاننا لازمی ہے کہ ہماری اب تک کی صورت حال کیا ہے، اور ہم سے اب تک کیا کیا
غلطیاں ہوئی ہیں۔اور اگلا مشن کیا ہوگا۔ دوچیزیں اور بے حد اہم ہیں۔(1)اپنی تاریخ پر
نظر(2) محالفین کی سازشوں کا علم۔
ہر
حال میں ہمارا رہبرقرآن و حدیث ہیں، اگر موجودہ دور کی چمک دمک کو دیکھ کر آپ
اسلام سے مایوس ہوگئے تو یہ پہلی ہار ہے، لہذا لازمی ہے کہ ہم اپنی فکر کو مضبوط
کرنے کے لیے قرآنی مضامین کا گہرائی سے مطالعہ کریں، اور یہ روح میں بسالیں کہ
اسلام سے بہتر آج تک کوئی نظام نہیں آیا۔
گرچہ بہت سے سلاطین نے ذاتی طور سے غلطیاں کی ہیں لیکن وہ ان کا شخصی عمل ہے ، دین
اسلام اس کا جوابدہ نہیں ہے۔ قرآنی مطالعات کے لیے ہمیں مسلکی اور شخصی حدبندیوں
کو چھوڑ کر ہر عالم سے استفادہ کرنا ہوگا، کیا کوئی ہے جو اسلامی تاریخ وفلسفے کے
حوالے سے شبلی نعمانی، مولانا مودودی، علی میاں ندوی،محمد علی جوہر، سر سید احمد
خان، علامہ اقبال میں تفرقہ کرے؟بلا شبہ ہردَرسے روشنی ملے گی۔ بیسویں صدی کے شروع میں
شُدؔھی تحریک نے جنم لیا تو سوامی شردھا نند نے ایک کتاب لکھی جس میں توہین رسالت
مآب کی گئی، ایک نوجوان نے سوامی کا قتل کردیا، پروپیگنڈہ چلایا گیا کہ اسلام
تلوار کے زور سے پھیلا ہے۔ مولانا محمد علی جوہر نے دہلی کی جامع مسجد میں تقریر
کے دوران تمنا کی کہ کاش کوئی جہاد پر مفصل کتاب لکھ کر دشمنان اسلام کا منھ بند
کرتا۔ مولانا مودودی نے 'الجہادفی الاسلام' لکھ ڈالی، جس کی اقبال نے بہت تعریف کی
ہے اور ہر ذی علم کو مطالعے کا مشورہ بھی دیا۔ شبلی نعمانی نے سیرت مبارکہ ،خلافت
راشدہ ،خلافت عباسیہ ، امام اعظم ، خلیفہ مامون ،عقائد اور علم کلام پر ایسا لکھا
کہ ان کو حجۃ الاسلام کا لقب دیاگیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ شبلی نعمانی پہلے یونانی
ہیں جو بھارت میں پیدا ہوئے۔ اقبال تو ایسے اسلامی مفکر تھے جو یورپ کی چمک دیکھنے
کے بعد بھی بھارت کے زبوں حال مدارس اسلامیہ پر مر مٹنے کو تیار تھے۔ مذہب کی
اہمیت پر ان کی کتاب'تشکیل جدید الہیات اسلامی' قابل مطالعہ ہے،کیونکہ اقبال نے اس
میں مذہب پر کیے جانے والے مستشرقین کے سوالات کے جواب دیے ہیں۔ان چند مثالوں کو
پیش کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم علما کی خدمات پر بغیر کسی تفریق کے توجہ دیں اور ان
سے فکری جلا حاصل کریں۔ مخالفین کے جن حربوں کو انھوں نے ناکام کیا ہے ان کو نظر
میں رکھیں۔ افسوس یہ ہے کہ اگر کسی عالم نے ذرا ہٹ کر چلنے کی کوشش کی تو اس کو
فوراًایک 'فرقہ 'گھوشت کرڈالا اوراس کی فکر کو محدود بتاکر روند دیا گیا۔یہی کام
پہلے یہود و نصاری کرتے رہے ہیں تاکہ ہمیں فرقوں میں بانٹ کرالجھادیں اور اپنے
مقاصد پورے کرتے رہیں۔اور افسوس کہ قرآن کے آگاہ کردینے کے باوجود بھی ہم اس سازش
کا شکار پہلے دن سے ہو رہے ہیں۔ عہد وسطی میں تو صلیبیوں نےاسی ہتھکنڈے سے
مسلمانوں سے حکومتیں ہڑپی ہیں۔ اور ہم ہمیشہ منتشر ہونے پر فخر کرتے رہے۔شبلی و
سرسید کو نیچری تو مودودی کو ایک فرقہ بنادیاکہ جن کا پیغام سراسر اسلام کی ترقی
سے عبارت تھا ۔اللہ نے تفرقہ بازی سے منع کیا ''ولَا تَكُونُوا
كَالَّذِينَ تَفَرَّقُوا وَاخْتَلَفُوا مِن بَعْدِ مَا جَاءَهُمُ الْبَيِّنَاتُ(آل
عمران:105) اور اکٹھے رہنے کی تاکید بھی کی :وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ
اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا (آل عمران:103)لیکن ہم نہ مانےبلکہ ہم نے
تو علاقائی بنیادوں پر بھی حد بندی شروع کردی۔ اگر آپ سوچتے ہو کہ شبلی وسرسیدانگریزکےایجنٹ
تھے تو ایسی سوچ پر ماتم ہی کیا جا سکتا
ہے۔قرآن نے محالفوں اور دشمنوں کی تمام نشانیاں واضح کردیں،دشمنوں سے چوکنا اور
مستعد رہنے کا واضح حکم بھی دیا۔'فلَا تُطِعِ الْكَافِرِينَ وَجَاهِدْهُم
بِهِ جِهَادًا كَبِيرًا (الفرقان:52)آیت سے سبق ملتا ہے کہ کفر
اور اس کے نظریات کی اتباع نہ کرو بلکہ اس کے بطلان کو ظاہر کرو،کیونکہ اس سے بہتر
تمہارے پاس موجود ہے۔ ہمارے سطحی پن کا یہ عالم ہے کہ طلاق کے نظریے کو بھی ڈھنگ
سے پیش نہ کرسکے۔ڈاکٹر اسرار احمد ایک زمانے تک اسرائیل کی پالیسیوں کو بے نقاب
کرتے رہے،لیکن انھیں بھی دیوبندی بتاکر کنارے کردیا گیا۔کیا ایسے ہم ترقی یافتہ
بنیں گے؟ مولانا تھانوی کا قول ہے ' جب تک دین کی ترقی نہ ہو دنیا کی بھی ترقی
نہیں ہوگی'(العلم والعلما)۔ اسلام کا نظام آفاقی ہے، دنیا میں سبھی نے اقتدار کے
لیے خون بہایا ،لیکن اسلام وہ دین ہے جو اقتدار کے لیے نہیں بلکہ نظام عدل و
مساوات قائم کرنے کے دیا گیا۔چند سیاسی مفادات کی بناپر لوگ اسلام کو مہرہ بناتے
ہیں،ورنہ اسلام نے دنیا کو روشنی ہی دی ہے ۔ یرموک کے معرکے بعد مسلمان جب شام کے
اضلاع سے نکلے تو تمام عیسائی رعایا نے پکاراخداتم کو پھر اس ملک میں لائے۔
یہودیوں نے ہاتھ میں توریت اٹھاکر عہد کیا کہ 'ہمارے جیتے جی اب قیصر یہاں نہیں
آسکےگا'۔(شبلی نعمانی:الفاروق) اسلام کی طاقت راست بازی اور دیانت داری ہے۔ چند بے
عمل مسلمانوں نے اسلام کی شبیہ خراب کردی،جس کو سدھارنا ہماری ذمہ داری ہے۔ساتھ ہی
دشمنوں کے عسکری و فکری حملوں سے بچنا بھی ضروری ہے،کیونکہ 'کفر سراسر بغاوت ہے
اور اسلام سراسر اطاعت'(العلم والعلما)موقع ملتے ہی کفر کی یلغار آپ دیکھو گے۔کیا
تم نے کریمیہ کے مسلمانوں کا قتل عام نہیں سنا ؟ روس کے کمیونسٹوں نے تیس لاکھ
مسلمانوں کو قتل کیا، ملک بدر کیا، ان کی زمینیں چھین کر غیروں کو آباد کیا،وہی
نمونہ آج چین اورکشمیر میں دہرایا جا رہا
ہے،فلسطین ،شام،اردن ،یمن اور لیبیا میں یہی سب ہوچکا ہے۔رومی فوجی جب حملہ کرتے
تھے تو بچے بوڑھے اور خواتین کے ساتھ پورا شہر تباہ کردیتے تھے۔ لہذا جہاد ایک
پاکیزہ نظام ہے جو فساد کی روک تھام اور قیام امن کے لیے دیا گیا ہے۔ اگر جہاد کا مطلب قتل ہوتا
تو تبلیغ کسے کی جائے گی؟ لہذا کسی کے اعتراض سے مرعوب نہ ہونا۔ ان مثالوں کا مطلب اتنا ہے کہ نوجوان علمی وفکری طور سے
مضبوط بنیں، وژنری بنیں، صحت مند اور منطقی گفتگو کے اسالیب سیکھیں،تاریخ پڑھیں، بلا
کسی تفریق کے علما کی تصنیفات سے استفادہ کریں۔ خود کوایک لیڈراورسماجی کارکن کے
طور پر تربیت دیں، گالی بازوں کے سامنے
گالی باز نہ بنیں ۔سیاست کے مظالم سے تنگ آکر صبر کا دامن نہ چھوڑیں،یہ استقلال ہی
ہماری بنیاد بنے گا۔خدا کا وعدہ ہے 'وَاصْبِرْ لِحُكْمِ رَبِّكَ فَإِنَّكَ
بِأَعْيُنِنَا'(الطور:48)
اللہ کے احکام پر صبر کرو، وہ سب دیکھ رہا ہے۔
اس
کے بعد جو مرحلہ ہے وہ حصول علم اور فروغ علم ہے ، مضبوط قوم بنیں۔ارشاد باری ہے :تم ہی بہترین امت ہو '(آل عمران: 110)گرچہ
آیت ہجرت کے پس منظر میں نازل ہوئی لیکن حضرت قتادہ کی روایت ہے کہ حضرت عمر نے حج
کے دوران لوگوں میں بری رسمیں دیکھیں تو مذکورہ
آیت پڑھی اور فرمایا جس کی خواہش ہو کہ اس
امت میں سے ہو جائے تو وہ اللہ کی شرطوں کو پورا کرے۔ (تفسیرطبری) سبق ملا کہ
بہترین بننے کے لیے بری رسمیں ترک کرنا اور اچھی رسمیں اپنانا ہی ترقی کا راستہ ہے۔
اچھی چیزوں کو اپنانے کا محاورہ تو خود عربوں کا ہے کہ 'خذ ما صفا ودع ما کدر'لیکن سقوط غرناطہ اور سقوط بغداد کے بعد عربوں کی دل چسپی تیل اور کھیل میں ہی
سمٹتی نظر آتی ہے۔مکہ کی وادی سے جنم لینے والی انسانی تہذیب و سماجی انقلاب نے جب
بغداد اور یورپ پر اپنے قدم گاڑے تو ایک
نئے جہان کی شروعات ہوئی ،علم و فن کا جہان۔ جدید علوم کی پیش رفت نے عربوں کو دنیا
کی سرپرستی کرنے کا موقع دیا۔ عباسی دور میں خلیفہ ہارون رشید نے بیت الحکمت قائم
کیا جو سائنسی تحقیقات کا ادارہ تھا ،مامون نے جدید علوم کی سرپرستی کی، وہ خود
بھی بڑا فلسفی تھا اور جدید علوم میں ایسی دلچسپی تھی کہ روم ،یونان،اٹلی،سسلی،اسکندریہ،مصراورفارس
کی تمام علمی کتب زر کثیر خرچ کرکے منگوائیں اور 'بیت الحکمۃ' میں ان کا ترجمہ
کروایا(المامون،ص:125)بیت الحکمۃ میں یہودی نصرانی پارسی ہندو اور مسلم سبھی طرح
کے عہدیدار تھے، یعقوب بن اسحق کندی سب سے مشہور مترجم تھا ، اس کو مامون نے ارسطو
کی تصنیفات کے ترجمے پر مامور کیا ۔ یعقوب کندی جغرافیہ، حکمت،طب، تاریخ،ہیئت
ونجوم،شعر ،منطق اور طبعیات یعنی فزکس کا ایسا ماہر تھا کہ اس کو 'عربوں کا ارسطو'
کہا جاتا تھا۔دیگر محققین میں حجاج بن یوسف کوفی، فسطابن لوقا بعلبکی،حنین بن اسحق،ابو جعفر یحی بن عدی، محمد بن موسی
خوارزمی، حسن بن شاکر، علی ابن العباس ابن
احمد الجوہری، یوحنا بن ماسویہ، ابن البطریق، یحی بن ابی المنصور کے نام قابل ذکر
ہیں۔ مامون نے ایک رات خواب میں ارسطو کو دیکھا تو پوچھا: اچھی چیز کیا ہے؟ فرمایا
: جس کو عقل اچھا کہے۔ مامون نے کہا کوئی نصیحت کیجیے۔فرمایا: توحید اور نیک صحبت
ترک نہ کرنا۔ (المامون، ص : 122)بیدار ہونے کے بعد مامون نے قیصر روم کو خط لکھ کر
تمام فلسفے کی کتب بھیجنے کا حکم دیا، خلیفہ کا حکم ٹالنے کی کسی میں ہمت نہ
تھی۔ کسی کو بھی کتب کی خبر نہ تھی کیونکہ
روم و یونان میں فلسفہ گمنام ہوچکا تھا۔ایک راہب نے اس مکان کا پتہ بتایا جس میں
قسطنطین نے تمام کتب جمع کرواکر مقفل کروادیا تھا،بالآخر قیصر روم نے پانچ اونٹ لاد کرکتابیں روانہ کیں۔اس کے علاوہ مامون
نے بیت الحکمۃ کے افسروں کو سِپرس، شام، آرمینیہ،
مصر اور دیگر مقامات پر بھیجا گیا تا کہ اپنی پسند سے کتابیں لیکر آئیں۔ دیگربادشاہ
بھی مامون کو ایسے ہی علمی تحفے بھیجتے تھے چنانچہ بھارت کےایک راجا نے دوبان حکیم
کو مامون کی خدمت میں بطور تحفہ بھیجا جو یہ جانتا تھا کہ کسری کے ایوان میں
نوشیروان کے وزیر کی ایک بیش قیمت تصنیف پوشیدہ ہے ،مامون نے اس کو منگواکر
پڑھوایا ، بے ساختہ بولا: خدا کی قسم کلام اس کو کہتے ہیں،وہ نہیں جو ہم لوگ کیا
کرتے ہیں۔(المامون)عباسیوں نے بغداد میں علوم عقلیہ و نقلیہ کے لیے بڑے ادارے
،اسپتال،کالج قائم کیے۔سقوط بغدادکے بعد بھی تیس سے زائد کالج موجود تھے جو
تاتاریوں کے ہاتھ سے بچ گئے تھے۔چند ریاضی دانوں کے نام یہ ہیں: عبد الحمید ابن
ترک، الخوارزمی، حنین ابن اسحق، سہل بن بشر، جابر بن سنان، ابو ریحان البیرونی،
ابن الہیثم، نصیر الدین طوسی، شرف الدین طوسی، قطب الدین شیرازی، قاضی زادہ رومی،۔
اور علماے دین میں امام ابو حنیفہ،امام مالک،امام حنبل،خلیل بن احمد، امام کسائی
جیسے علما عباسی دور کی یادگار ہیں۔چند عصری درسگاہوں کے نام یہ ہیں: مدرسہ
مستنصریہ، المدرسۃ المرجانیۃ، مدرسۃ العطارین، مدرسۃ الصفارین، دار الحکمۃ،
المدرسۃ النظامیۃ،المدرسۃ الآصفیۃ اور المدرسۃ المصباحیۃ وغیرہ۔ کیا آج ہمارے اندر
کی ایسی پیاس موجود ہے؟ ہم حصول علم کے نام پر صرف خانہ پری کررہے ہیں۔ آج کے دور
میں علم کے تقاضے جتنے بڑھ رہے ہیں ہم اتنے ہی پیچھے جارہے ہیں،لہذا ترقی کا خواب
تشنہ رہ جائے گا، اگر ہم خود کو نہ بدلیں۔
عباسی دور کی ایک آزاد مسلم ریاست اسپین تھی۔ اسپین
پر بنو امیہ نے حکومت کی ،یورپ کی موجودہ چمک دمک اسلامی علوم و فنون کی مرہون منت
ہے۔ سقوط غرناطہ کے بعد مسلمانوں کے تاریخی کارناموں کو اپنی زبان میں ترجمہ کرنے
کے بعد یورپ نے ترقی کے منازل طے کیے۔عبدالرحمن سوم کے وقت
قرطبہ میں 70 لائبریریاں تھیں ،عبدالرحمن سوم کا جانشین الحکم تھا یہ ایک بہت بڑا
عالم تھا اس نے قرطبہ میں 23 اسکول قائم کیے، قرطبہ کی یونیورسٹی میں دنیا بھر سے
لوگ طلب علم کے لیے آتے تھے۔ الحکم نے مشرقی ممالک سے پروفیسروں کو بلاکر تدریس پر مقرر کیا۔ ،ایک بڑی لائبریری
تعمیر کی جس میں 4 لاکھ کتابیں تھیں یہ کتابیں اسکندریہ اور بغداد سے منگوائی گئی
تھیں،(افسوس کہ سقوط اسپین کے وقت پادریوں نے سب جلادیں) اس سے اسپین کے ثقافتی
میدان میں اتنی ترقی ہوئی کہ ہر شخص پڑھنے لکھنے کے قابل ہو گیا۔ ہر مسلمان پر تعلیم لازم تھی۔دیگرلوگوں
کو تعلیم کی پوری اجازت تھی،علوم اسلامیہ کے علاوہ ہندسہ،
ہیئت ، طب و جراحت ، نباتات،موسیقی ، منطق ، فلسفہ ، شعروادب ، تاریخ ، جغرافیہ کی
تعلیم ہوتی تھی۔ خطاطی، چمڑے کا کام، فن
تعمیر ،کوزہ گری ،فلاحت و زراعت کی بھی تعلیم دی جاتی تھی۔مشہور مفسرعلامہ
قرطبی،بن العربی،ابن رشد،قاضی عیاض مالکی ،ابو القاسم زہراوی جیسے مشاہیر اندلس کے
پروردہ ہیں، ابو القاسم زہراوی کی شہرت طب و جراحت کے سبب ہے، اس نے آلات جراحت
تیار کرائے ،اس کی کتابیں پانچ صدی تک علم کیمیا کا ماخذ بنی رہی ہیں۔
یہ تمام مثالیں اس بات کے لیے کافی ہیں کہ امت مسلمہ
نے حصول علم میں کبھی کوتاہی نہ کی، وقت اور ضرورت کے مطابق ہر شعبے میں آگے رہے۔ بغداد
اور اسپین کا عروج مسلم ورثہ ہے۔ افسوس کہ دورجدید کا مسلمان نہ صرف اپنی عظمت
رفتہ سے غافل ہے بلکہ اس کی بازیابی کے
لیے قدم اٹھانے سے بھی ڈرتا ہے۔ نہ علم کا شوق نہ کاروبار کی تمنا۔نہ سماجی
خدمات کا شوق۔ مسلمان بریانی اور قوالی میں الجھ کر رہ گیا، مایوسی رگ رگ میں بھردی
گئی ہے۔قرآن سے غیروں نے خزانے نکالے لیکن مسلم اسے صرف ایصال ثواب کی پڑیا ہی سمجھتا
ہے۔ بھائیو! علم مومن کا زیور ہے ، موجودہ سائنس بھی علم کی ترقی یافتہ شکل ہے۔
علم کی طرف سبقت کرو۔ یہ کیا بکتے ہو کہ سائنس
کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، اور دوسرے دن ہی چاند دیکھنے کے لیے دوربین مانگتے
ہو۔ سائنس کا مزاق اڑانا چھوڑو۔ ٹکنالوجی
ہی موجودہ طاقت ہے اگر اس سے منھ موڑلیا تو کمتر طاقتیں بھی تم کو غلام بنالیں گی۔
کیا 1967 کی عرب اسرائیل کی جنگ یاد نہیں؟ بابر نے جدید تکنیک یعنی توپ کی مدد سے
رانا سانگا کو ہرایا ،ورنہ رانا سانگا بابر سے کم نہ تھا۔ سلطان محمد فاتح نے
رومیوں کو جدید تکنیک یعنی بارودکی مدد سے شکست دی، ورنہ رومیوں کو ہرانا مذاق نہ
تھا۔علاج ،تعلیم،وکالت کے لیےدوسروں کا منھ تکتے ہو، کیا یہ مضحکہ نہیں کہ تمہاری
مسجدوں کے مقدمے بھی دوسرے لڑ رہے ہیں؟ یاد رکھو'وہ قوم نہایت بد نصیب ہے جو اپنے
بزرگوں کے وہ کام جو یاد رکھنے کے قابل ہیں بھلا دے۔یا ان کو نہ جانے'(سر سید )تعلیم
اس انجن کی طرح ہے جو اپنی حرکت سے پوری مشین کو چلاتا ہے(مولانا تھانوی)اگر تمہیں
علم کی طاقت کا اندازہ نہیں تو اس بات پر غور کروکہ فسطائی طاقتیں کیوں علی گڑھ ،جامعہ
اور جوہر یونیورسٹی کے پیچھے پڑی ہیں؟ جواب مل جائے تو اپنا طرز عمل درست کرلینا۔إِنَّ اللَّهَ لاَ يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُواْ
مَا بِأَنْفُسِهِمْ(الرعد:11) جب تک قوم خود کو نہ بدل لے ، اللہ بھی اس کے حالات
نہیں بدلتا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں