خواجہ شمس الدین المعروف بہ آق شمس الدین علیہ الرحمۃ
پیش کش: اسلم مصباحی،ریسرچ اسکالر جواہرلال نہرو یونیورسٹی۔ نئی دہلی
شیخ کا اصل نام محمد شمس الدین بن حمزہ شامی ہے، آپ سلطان محمد فاتح کے استاد اور مرشد تھے، آپ کا نسب صدیق اکبر سے ملتا ہے۔آپ کی پیدائش دمشق میں اور تعلیم حلب میں پھر روم میں ہوئی، عثمانی دور میں آپ اسلامی تہذیب کے اہم ستون مانے جاتے تھے،آپ کو قسطنطنیہ کا روحانی فاتح بھی کہا گیا ہے۔ترکی زبان میں 'آق' کا معنی سفید، پاک، پاکدامن ہے۔ شیخ آق نے صغر سنی میں ہی محمد فاتح کو فتح قسطنطنیہ والی حدیث ذہن نشین کرادی تھی،اور یہ باور کرادیا تھا کہ وہ مبارک فاتح تم ہی ہو، شیخ نے محمد فاتح کو قرآن، حدیث، فقہ، لسانیات، فلکیات، ریاضیات، تاریخ اور فنون حرب کی بہترین تعلیم دی۔ جب محمد فاتح مغنیسیا کا امیر تھا توشیخ نے حکومت کے اصول وقواعد،اخلاقیات اور اسلامی روایات سکھاکر اسے بہترین کمانڈر بنا دیا۔ شیخ کی پختہ تربیت اور نظر ارشاد کا ہی کمال تھا کہ محمد فاتح نے سلطان بنتے ہی قسطنطنیہ پر فوج کشی کا حکم دیا اور 54 دن کے مسلسل محاصرے کے بعد شہر پر اسلامی پرچم لہرادیا۔ دوران جنگ جب شہنشاہ قسطنطین (قیصر روم)کو پوپ کی جانب سے مدد کے طور پر بھیجے گئے 4جہاز ملے تو عثمانیوں کے حوصلے پست ہوگئے ۔ عثمانی امرا،وزراء اور سپہ سالاران جمع ہوکر سلطان کے پاس شکایت کرنے پہنچے کہ' آپ نے ایک شیخ کے کہنے پر تمام فوج کو کیسے موت کے منھ میں ڈال دیا'۔سلطان نے وزیر ولی الدین احمد پاشا کو شیخ کی خدمت میں اس کا حل پوچھنے کے لیے بھیجا۔شیخ نے کہلوا بھیجا کہ اللہ ضرور اپنا فضل فرمائے گا۔ سلطان کو اطمنان نہ ہوا ،دوبارہ وزیر کو تفصیلی جواب کے لیے بھیجا، شیخ نے نامہ تحریر کیا:''اگر ان جہازوں کے واقعے نے تمہاری دل شکنی کی ہے اور لوگوں نے تمہیں ملامت کی ہے تو یاد رکھ،یہ اصول ہے کہ بندہ تدبیر کرتا ہے اور اللہ کا حکم پورا ہوکر رہتا ہے، ہم نے اللہ سے التجا کی ،قرآن کی تلاوت کی،اس کے بعد اونگھ آئی،اللہ کی کرم نوازیاں رونما ہوئیں اور بشارتیں نصیب ہوئیں،جو پہلے کبھی نصیب نہ ہوئی تھیں'' یہ جواب سن کرسب کو اطمنان ہوا ،جنگی کونسل نے جنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔سلطان دست بوسی کے لیے شیخ کے پاس آیا، عرض کی آقا! مجھے کوئی دعا تعلیم کریں۔ شیخ نے دعا تعلیم کی ،پھر سلطان نے باہر آتے ہی عام حملے کا حکم دیا۔سلطان چاہتا تھا کہ شیخ حملے کے وقت ساتھ رہیں،شیخ کو بلانے ایک آدمی بھیجا ،لیکن شیخ نے کسی کو بھی اندر آنے سے منع کردیا،سلطان یہ سن کر ناراض ہوا اور خود شیخ کے خیمے میں گیا، دربان نے روک لیا،سلطان نے چاقو نکالا،خیمہ چیر کر اندر جھانکا،عجیب منظر تھا، شیخ سجدے میں اللہ کے حضور پڑے تھے، عمامہ گرگیا تھا سفید بال زمین پر بکھرے تھے،ریش اور سر کے بالوں سے نور برس رہا تھا ،شیخ فتح و نصرت کے لیے دعا مانگ رہے تھے ۔ سلطان قیام گاہ کی طرف واپس آیا ،فصیل شہر کی طرف نظر کی،فصیل میں شگاف پڑچکے تھے مسلم لشکرتیزی سے شہر میں داخل ہورہا تھا، سلطان خوش ہوا اور بولا 'میں فتح کی وجہ سے خوش نہیں ہوں بلکہ میری خوشی اس لیے ہے کہ میرے دور میں ایسی بابرکت ہستیاں موجود ہیں'۔(العثمانیون فی التاریخ و الحضارۃ،ص: 373) علامہ شوکانی لکھتے ہیں کہ شیخ کے کمالات کا ظہور ہوا،آپ نے سلطان کو بتادیا تھا کہ شہر کب فتح ہوگا۔ (البدر الطالع،ص: 167/2) جب عثمانی سپاہ قسطنطنیہ پر ٹوٹ پڑی تو شیخ تشریف لائے تاکہ سلطان کو الہی شریعت یاد دلائیں،مفتوح قوم کے حقوق کی پاسداری کی تلقین کریں۔چنانچہ سلطان نے فوج کو حکم دیا کہ بچے بوڑھےخواتین اور مذہبی رہنماسے تعرض نہ کیا جائے، اور جو جنگ نہیں کررہاہو اسے قتل نہ کریں۔شیخ نے سپاہ سے نصیحت کی کہ مال غنیمت میں اسراف نہ کرنا، فضول خرچی سے بچنا، شہر کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا،سلطان کی اطاعت کرنا،اس سے محبت کرنا۔سلطان سے مخاطب ہوئے کہ توعثمان کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، ہمیشہ کے لیے مجاہد فی سبیل اللہ بن جا۔ شیخ کی تربیت کا عالم یہ تھا کہ سلطان نے سپاہ کو حکم جاری کردیا تھا کہ کوئی بھی غیر اسلامی فعل کسی سے سرزد نہ ہو، اللہ سے نصرت طلب کرتے رہو۔ فتح کے بعد سلطان محمد فاتح نے تین دن کا جشن منایا اور اپنے ہاتھ سے فوجیوں کو کھانا کھلایا۔سلطان کی فیاضی اور رحم دیکھ کر مسلمانوں کے تعلق سے نصرانیوں کی سوچ بدل گئی، کئی پادری اسلام لے آئے۔ شیخ نے ہی اپنے نور ولایت سے حضرت ابوایوب انصاری کی قبر کی نشاندہی فرمائی تھی۔ (محمد الفاتح،ص: 149) شیخ نے ہی فتح کے بعد 'مسجد آیا صوفیا ' میں پہلے جمعہ کا خطبہ دیا تھا۔ سلطان اپنے شیخ سے بہت محبت کرتا تھا چنانچہ اس نے اپنے وزیر محمود پاشا کو بتایا کہ جب میں شیخ کے پاس حاضر ہوتا ہوں تو اپنے دل میں ان کا رعب محسوس کرتا ہوں۔(العثمانیون فی التاریخ والحضارۃ،ص: 375) فتح کے بعد سلطان اپنے مصاحبوں کے ہمراہ شیخ کے پاس حاضر ہوا ، شیخ لیٹے ہوئے تھے ،ویسے ہی لیٹے رہے، سلطان نے عزلت نشینی کی اجازت چاہی ،شیخ نے منع کردیا ،باربار اجازت مانگتا رہا لیکن شیخ نے اپنا جواب نہ بدلا، سلطان ناراض ہوا، عرض کرنے لگا کہ ایک ترک آپ سے عزلت نشینی کی اجازت چاہتا ہےتو آپ فوراً اجازت دے دیتے ہیں لیکن مجھے بار بار انکار فرمارہے ہیں۔ شیخ نے فرمایا:''جب آپ خلوت نشینی کی لذت سے واقف ہوں گے تو سلطنت آپ کی نظر میں حقیر ہوجائے گی، نتیجۃً امور سلطنت بگڑ جائیں گے، انصاف قائم کرو''شیخ نے بہت ساری نصیحتیں سلطان کو کیں،سلطان نے ایک ہزار دینار نذرانہ کیے تو شیخ نے انکار کردیا۔ واپسی پر سلطان نے اپنے مصاحب سے پوچھا کہ شیخ میرے لیے کھڑے کیوں نہ ہوئے، مصاحب نے کہا کہ فتح کے بعد شاید شیخ نے آپ کے اندر خود پسندی کے آثار دیکھے ہوں، غرور کو توڑنے کے لیے شیخ نے آپ کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے۔ (البدر الطالع،ص: 2/167) شیخ صرف تصوف کے ہی ماہرنہ تھے، بلکہ دنیاوی علوم مثلا نباتات، طب اور میڈیکل سائنس کے غیر معمولی شہرت یافتہ تھے ،عوام میں یہ شہرہ تھا کہ جڑی بوٹیاں شیخ سے باتیں کرتی ہیں۔ امام شوکانی لکھتے ہیں کہ '' وہ دلوں کے طبیب ہونے کے ساتھ ساتھ جسم کے بھی طبیب تھے''۔ (البدر الطالع،ص: 2/166)اس وقت متعدی امراض پھیلے ہوئے تھے چنانچہ شیخ نے متعدی امراض پر ایک کتاب 'مادۃ الحیاۃ' تصنیف کی ،آپ نے لکھا کہ: "یہ سمجھنا غلط ہے کہ امراض براہ راست اشخاص پر ظاہر ہوتے ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ متعدی صورت میں ایک شخص سے دوسرے کی طرف منتقل ہوتے ہیں ،جس کیڑے کے ذریعے یہ منتقل ہوتے ہیں وہ بہت چھوٹا ہوتا ہے جو آنکھ سے نظر نہیں آتا، اور وہ زندہ ہوتا ہے''۔ شیخ کی یہ تحقیق مائکرواسکوپ کے ایجاد سے چار صدی قبل کی ہے۔شیخ کی دوطبی کتابیں 'مادۃ الحیاۃ' اور 'کتاب الطب' ترکی زبان میں ہیں۔سات کتابیں عربی زبان میں ہیں جو متفرق موضوعات پر ہیں۔ 1-حل المشکلات،2 -الرسالۃ النوریہ،3 - مقالات الاولیا، 4- رسالۃ فی ذکر اللہ،5- تلخیص المتائن، 6- دفع المتائن، 7- رسالۃ فی شرح حاجی بہرام ولی۔
شیخ آخری وقت میں اپنے وطن غونیوک چلے گئے(ضلع بولو میں ایک گاؤں جو استنبول سے 170 کلو میٹر مشرق میں ہے) اور 16،فروری 1459کو وصال ہوا۔ اللہ تعالی ایسے ربانی علما کی سرپرستی میں رہنما ،فاتح اور قائد پیدا کرتا ہے۔ سلطان صلاح الدین ایوبی کی تعلیم و تربیت میں قاضی فاضل ،یحی بن ابراہیم کی تربیت میں عبد اللہ یاسین، اورنگ زیب عالمگیر کی تربیت میں مجدد الف ثانی کی سرپرستی زندہ مثال ہے۔فتح سے قبل اور فتح کے بعد بھی یہی حضرات مثبت راہ عمل دکھاتے ہیں تاکہ دشمن کے ارادوں کو ناکام اور رعایا کو شادکام کیا جا سکے۔


تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں