آیا صوفیا اور مسلم دانشوروں کا رد عمل


از: اسلم مصباحی،ریسرچ اسکالر جواہرلال نہرو یونیورسٹی۔نئی دہلی
آیا صوفیا پر مختلف بحثیں دیکھیں،کچھ موافق کچھ مخالف،میں ذاتی طور پر سب کی رایوں کو اہمیت دیتا ہوں، ظاہر ہے کوئی کسی کا زرخرید نہیں ہے، سب کو اظہاررائے کی آزادی حاصل ہے۔ اس معاملے میں ایک تو لِبرل روشن خیالوں کا گروہ ہے جس کی ہمیں پروا نہیں،کیونکہ وہ نہ صرف مسجد کے خلاف ہے بلکہ وہ تو سلطنت، خلافت، شریعت،طریقت ہرچیز سے بیزار ہے۔ لہذا اس سے دوسرے نہج پر بحث درکار ہوگی۔ البتہ دوسرا گروپ نِرے پکے سچے مسلمانوں کا ہے،جومسجد کی بازیابی پر منھ لٹکائے بیٹھے ہیں۔ ہم خوش ہوتے ہیں تو ہمیں دوغلا بتاتے ہیں،وجہ پوچھو تو بلی کے پاد کی طرح چھوٹے چھوٹے بے ہنگم سوال داغ دیتے ہیں۔ ان کی مخالفت کی وجہ شرعی نہ ہوکر شخصی ہے،یعنی اردگان اور عثمانیوں کی بے وجہ مخالفت کرنا ہےبس۔ یہ حضرات تنقید تو ترکی کے موجودہ فیصلے کی کرتے ہیں لیکن درپردہ ان کا نشانہ سلطان فاتح کی طرف ہوتا ہے،وہ دبے لفظوں میں فتح قسطنطنیہ اور جہاد جیسے نظام پر سوالیہ نشان لگانا چاہتے ہیں۔ ہمارا سوال یہی ہے کہ کیا سیکولرزم کو بچانے کے لیے مذہب کو نشانہ بنانا صحیح ہے؟ہم نے دیکھا کہ سیکولرزم ہندومسلم دونوں کے لیے الگ الگ کام کرتا ہے، ہندو جب چاہے سیکولرزم سے آزاد ہوکر اپنی مذہبی چیزیں حاصل کر سکتا ہے،لیکن مسلمان کے سیکولر بنے رہنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی مذہبی چیزوں سے بخوشی دست بردار ہو جائیں، اور اپنی ملکیت کو ہارنے کے بعد خوشی خوشی دشمن کو مبارکباد پیش کریں(جیسا بابری معاملے میں ہوا)سیکولر مسلمان کو اتنا بھی حق نہیں کہ وہ ناانصافی پر اپنے غصے کا کھلم کھلا اظہار کرسکے۔اپنے فاتحین کا دفاع کر سکے جن پر سازش کے تحت 'لٹیرا' کا لیبل چپکایا گیا، اور سیکولر لوگ ابھی بھی دھڑلے سے بولتے ہیں۔جبکہ اٌن ہندو راجاؤں کو 'لٹیرا' کبھی نہیں کہا گیا جنھوں نے خود سومنات کو باربار لوٹا۔ (اس حوالے سے محمود غزنوی کی مثال اور رومیلا تھاپر کی ریسرچ دلچسپ ہے۔ کسی دن چرچا کریں گے)
پہلی نظر میں لگتا ہےلوگ اردگان و سلطان فاتح سے ناراض ہیں،قریب ہے کوئی آکر بولے گا کہ قسطنطنیہ کو غصب کرنے کی کیا ضرورت تھی، عثمانیوں کے پاس بہتیری اراضی اور مساجد تھیں۔ ظاہرہے ایسے لوگوں سے بحث نہیں کی جاسکتی (فتح قسطنطنیہ کے قضیے میں)۔ ہمارا موقف قرآن حدیث اور اسلامی احکام ہیں، کیونکہ قسطنطنیہ انھیں احکام کے مطابق فتح ہوا، 15ویں صدی کے حالات کا تجزیہ بیسویں صدی کے نظریات کو دلیل بناکر کرنا ہی عجیب ہے۔اْس وقت حکومت میں مذہب کو دخل تھا، سیکولرزم موجودہ صدی کی پیداوار ہے۔آیا صوفیا کو قرطبہ وبابری کے ساتھ جوڑکر دیکھنا بھی نہایت بوگس ہے۔جس سیکولرزم کے حساب سے بابری ہماری ہے اسی سیکولرزم کے مطابق قرطبہ بھی ہماری ہے،ہم نے کلیسا کی طرح مساجد کے سودے نہیں کیے کہ سیکولرزم کو زندہ رکھنے کی خاطر اپنا جائز مطالبہ اٹھالیں۔ نہ اردگان نے رتھ یاترا نکالی، نہ اقلیت کا خون بہایا، نہ پادریوں کو خریدا،بلکہ مستند شواہد کی بناپر اپنا حق واپس لیا ہے۔ اب کوئی لبرل نظریات کے مطابق بحث کرے گا تب تو مجھے کعبے سے بھی دستبردار ہونا پڑے گا، کیونکہ وہ بھی بظاہر تلوار سے ہی فتح کیا گیا ہے۔ حضرت عمر کی مثال قسطنطنیہ پر فِٹ کرنا ناواقفیت کی دلیل ہے۔ حضرت عمر نے صلح کے ذریعہ فتح کی تھی، جبکہ قسطنطنیہ تلوار سے فتح ہوا، دونوں کے مسائل الگ ہیں۔ سلطان سے ناراض ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، سلطان نے بھی جتنے ملک یا شہر صلح سے فتح کیے ہیں ان میں کسی کلیسا سےتعرض نہ کیا۔ آپ بھی مسلمان ہیں لہذا آپ ہی بتائیے کہ آیا صوفیا کو مسجد کیوں بنایا؟جبکہ سلطان کے رحم وعدل کا اقرار مغربی مؤرخوں نے بھی کیا ہے۔ سلطان اور اس کی فوج کو فتح سے قبل شرعی طرز پر تربیت دی گئی تھی، لشکر میں بڑے علما بھی تھے،تو کیا یہ ممکن ہے کہ کسی کی بھی نظر اس مسئلہ پرنہ گئی ہو کہ مغصوب مقام پر مسجد قائم نہیں کی جا سکتی؟ آپ کتنے علما و فقہا کے نام جانتے ہیں جنھوں نے 1453 کے بعد سلطان کے اس فیصلہ کی گرفت کی ہے؟ کیا شریف مکہ یا حجاز کے کسی عالم کی نظر اس پر نہ پڑی؟ قرین قیاس تو یہ تھا کہ سلطان اسے اپنا محل بناتے،لیکن انھوں نے مسجد بنادی، آپ سمجھتے ہو کہ یہ سب سلطان نے آنکھیں بند کرکے کردیا؟ ایک پل بھی انھیں وقف اور مساجد کے مطالبوں کا خیال نہ آیا؟ جو شخص آقا علیہ السلام کے خواب کو پورا کرنے کے لیے 54 دنوں تک ایک سخت دشمن سے لوہا لیتا رہا اس نے فتح کے فورا بعد ہی فرامین مصطفی کو بھول کر ناجائز طور پر مسجد کی بنیاد رکھ دی؟ عزیزو! آپ موجودہ شواہد کو جھٹلابھی دیں (جومتعدد ہیں)تب بھی سلطان پر داغ لگانا آسان نہیں ہے۔ ہمارے یہاں کہاوت ہے ''کھونٹے پے رکھ کے پھاڑ دوں گی جیٹھ کو نا دوں گی''۔ یہی کچھ حال مخالفین کا بھی ہے۔ میوزیم بنے رہنے سے دقت نہ تھی، مسجد بنتے ہی مروڑ شروع۔ مجھے بھی لگتا تھا کہ مولوی تنگ نظر ہے، مگر اس فیصلے نے بہت سے مفکرین(بزعم خود)کی نقاب کشائی کردی۔1935 میں جواہرلال نہرو نے 'دومسجدیں' کے عنوان سے مضمون لکھا،جس میں آیا صوفیا کے جمال کی خوب تعریف کی ہے، میوزیم بنانے والے کمال پاشا کے فیصلے کو دانشوری کہا ہے، یعنی سیکولر کھلاڑی کو بھی مسیحیوں سے ہمدردی نہ تھی، لیکن چونکہ سیکولرزم کے نظریہ سے میل کھاتا تھا لہذا اس کو دانشور کہدیا،بہتر تھا کہ انصاف کرتے،مسجد نہ سہی کلیسا ہی بناتے،سلطان کی غلطی کا ازالہ کرتے،انصاف کا کوئی تو پیمانہ ہوگا۔ تو صاحبو!ان کے عدل کا سب سے بڑا اصول ہے نہ مندر نہ مسجد نہ چرچ۔ اس سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ سیکولرزم کو در اصل مسجد ومندر سے چڑھ ہے۔ یہ تو ظاہر ہے کہ بابری کس نے بنائی۔ لیکن انہدام میں کس نے مدد کی،مسلمانوں کو ہندؤوں کے خلاف کس نے کھڑا کیا،مندر کا فیصلہ آتے ہی کس نے مبارکبادیاں پیش کیں، وہ یہی سیکولرطبقہ ہے۔اگر انھیں سیکولروں نے بابری منہدم کرنے والوں پر انصاف سے کارروائی کی ہوتی، تو آج بابری ہماری ہوتی، اور 'گیان واپی' پر چڑھائی کرنے کی کسی کو ہمت نہ ہوتی۔ یاد رہے سیکولرزم کو سب سے زیادہ چڑھاوا ہم ہی چڑھاتے ہیں۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

جامع آیا صوفیا

علما کی ضرورت اور اہمیت

انقلاب کے آرزومند مسلم نوجوانوں سے چند باتیں(1)